ٹوکیو،25؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جاپانی کوسٹ گارڈز کے مطابق چینی کوسٹ گارڈز کے چار بحری جہاز سینکاکو کے متنازعہ جزائر کے قریبی سمندر میں داخل ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ دنوں میں چینی بحری جہازوں کی یہ دوسری کارروائی ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ جمعرات کو بھی چینی کوسٹ گارڈز نے ایسی ہی اشتعال انگیز حرکت کی تھی۔ جاپان کی طرح چین بھی ان جزائر پر حق ملکیت ظاہر کرتا ہے۔ اس وقت سینکاکو جزائر جاپانی کنٹرول میں ہیں۔ چینی سمندری ایجنسی نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ کوسٹ گارڈز کے بحری جہاز چینی سمندری حدود میں ہی گشت کر رہے تھے۔ جاپان یہ اکثر کہتا ہے کہ چینی بحری جہاز تواتر کے ساتھ متنازعہ جزائر کی سمندری حدود میں داخل ہوتے ہیں اور یہ کشیدگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔